کورونا لاک ڈاؤن کے دوران شادی کرنے والا دولہا وائرس میں مبتلا ہوکر ہلاک ہوگیا، مہمان بھی وباء کا شکار ہو گئے

پٹنا(پی این آئی)کورونا لاک ڈاؤن کے دوران شادی کرنے والا دولہا وائرس میں مبتلا ہوکر ہلاک ہوگیا، مہمان بھی وباء کا شکار ہو گئے۔بھارت میں کورونا لاک ڈاؤن کے دوران شادی کرنے والا دولہا وائرس میں مبتلا ہوکر ہلاک ہوگیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست بہار کے شہر پٹنا میں کورونا لاک ڈاؤن کے دوران شادی کی

تقریب ہوئی جو وائرس کے پھیلنے کا سبب بن گئی جب کہ دولہا خود وائرس کا شکار ہوکر ہلاک ہوگیا۔بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ پٹنا کے رہائشی نوجوان کی حالت کچھ دنوں سے خراب تھی اور اس میں کورونا کی علامات تھیں لیکن گھر والوں نے شادی کی وجہ سے نوجوان کا کورونا ٹیسٹ نہیں کرایا تھا۔شادی سے چند روز قبل نوجوان مقامی اسپتال میں زیر علاج تھا جہاں اس کے گھر والے زبردستی اسے گھر لے گئے اور شادی کرنے پر مجبور کیا تاہم نوجوان شادی کے اگلے روز ہی طبیعت بگڑنے پر چل بسا۔بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ واقعے کی اطلاع ملنے پر انتظامیہ حرکت میں آئی لیکن مرنے کے بعد نوجوان کا کورونا ٹیسٹ نہیں کیا جاسکتا تھا اور اس کے گھر والے اس کی آخری رسومات بھی ادا کرچکے تھے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق شادی میں تقریباً 350 افراد نے شرکت کی جن میں سے بیشتر افراد کو کورونا کی علامات محسوس ہوئیں اور ٹیسٹ کرانے پر دولہا کے رشتے داروں سمیت 100 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔ضلعی انتظامیہ نے شادی کی تقریب میں 50 افراد سے زائد کی شرکت پر تحقیقات کا حکم دیا ہے۔بھارتی ریاست بہار میں کورونا کے کیسز کی تعداد 9700 سے زائد ہے جب کہ 62 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close