اچھی خبر آگئی ، ایک اور ملک نے مساجد کھولنے کافیصلہ کر لیا

ابوظہبی (پی این آئی) متحدہ عرب امارات کا یکم جولائی سے مساجد کھولنے کا اعلان، امارات میں دیگر تمام عبادت گاہیں بھی کھول دی جائیں گی، تاہم جمعہ کے اجتماعات پر پابندی برقرار رہے گی۔ خلیج ٹائمز کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی حکومت نے کئی ماہ کی بندش کے بعد بالآخر

مساجد کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس حوالے سے اعلان کیا گیا ہے کہ 1 روز بعد یعنی یکم جولائی سے متحدہ عرب امارات کی تمام مساجد کھول دی جائیں گی۔نمازیوں کو مساجد میں نماز کی ادائیگی کی اجازت ہوگی۔ جبکہ دیگر عبادت گاہیں بھی کھول دی جائیں گی۔ یہاں یہ واضح کیا گیا ہے کہ جمعہ کی نماز کے اجتماعات پر تاحال پابندی برقرار رہے گی۔ ہفتے کے بقیہ ایام میں تمام 5 وقت کی نمازیں مسجد میں ادا کرنے کی اجازت ہوگی۔جبکہ انڈسٹریل علاقوں، محنت کشوں کے رہائشی علاقوں، شاپنگ مالز اور پبلک پارکس میں واقع مساجد تاحال بند رہیں گی۔بتایا گیا ہے کہ کسی بھی مسجد یا عبادت گاہ کی کل گنجائش کے صرف 30 فیصد تک نمازیوں اور عبادت کرنے والوں کے داخلے کی اجازت ہوگی۔ اماراتی حکام کا بتانا ہے کہ مساجد کے اماموں اور ملازمین کے کرونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ نمازیوں کو جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔12 سال سے کم عمر بچے اور بزرگوں کو مساجد میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔مساجد میں وضو کرنے کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔ بیمار افراد اور ایسے افراد جو کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کیساتھ میل جول رکھ چکے ہوں، انہیں بھی مساجد کا رخ نہ کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔ تمام مساجد کو سٹیریلائز کرنے کا عمل مکمل کیا گیا ہے۔ مساجد کھولنے کا اعلان آج 29 جون کو کیا گیا ہے، تاہم مساجد میں نماز کی ادائیگی کیلئے اہم ہدایات کچھ روز قبل ہی جاری کر دی گئی تھیں۔ان ہدایات کے مطابق مساجد کو اذان کی ادائیگی سے لے کر نماز کی ادائیگی تک صرف 20 منٹ کیلئے کھولا جائے گا۔ اذان سے قبل یا نماز کی ادائیگی کے بعد کسی کو بھی مسجد میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔ نمازیوں کیلئے لازم ہے کہ وہ گھر سے وضو کر کے آئیں، جبکہ انہیں مصلیٰ بھی گھر سے اپنے ساتھ ہی لانا ہوگا۔ باجماعت نماز کی ادائیگی کیلئے لازم ہوگا کہ نمازیوں کے درمیان ایک صف خالی چھوڑی جائے، جبکہ 2 نمازیوں کے درمیان ڈیڑھ میٹر کا فاصلہ رکھنا ہوگا۔مسجد میں 60 سال سے زائد اور 12 سال سے کم عمر بچوں کا داخلہ منع ہو گا۔ تمام نمازیوں کو دستانے اور فیس ماسک پہننا ہوں گے۔ مسجد میں ایک دوسرے سے گلے ملنے اور مصافحہ کرنے کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔ مزید بتایا گیا ہے کہ ایسے لوگ جو بیمار ہوں یا جن کے عزیز کرونا وائرس میں مبتلا ہوں، ان پر بھی مسجد میں داخلے پر پابندی عائد ہوگی۔ اذان کے فوری بعد باجماعت نماز کی ادائیگی ہوگی، دوسری مرتبہ جماعت کا اہتمام نہیں کیا جائے گا۔اس کے علاوہ مسجد میں کھانے پینے کی چیزیں لے جانے اور بانٹنے پر بھی پابندی عائد ہوگی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close