کورونا وائرس ، متحدہ عرب امارات نے بھی کرفیو ختم کر دیا

دبئی (پی این آئی) متحدہ عرب امارات میں نافذ کرفیو اٹھا لیا گیا، مملکت میں جاری ڈس انفیکشن مہم بھی تکمیل کو پہنچ گئی، فیصلے کا اطلاق فوری ہوگا۔تفصیلات کے مطابق اماراتی حکومت نے کرونا وائرس پھیلاو کے باعث مملکت میں نافذ کیے گئے کرفیو کو اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق متحدہ

عرب امارات میں نافذ کرفیو فوری اٹھا لیا گیا ہے۔مملکت کے شہریوں پر عائد نقل و حرکت کی پابندیاں اب ختم ہو گئی ہیں۔بتایا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے شہری اب دن کے کسی بھی وقت، کسی بھی علاقے کا سفر کر سکتے ہیں۔متحدہ عرب امارات میں مارچ کے ماہ سے جاری نیشنل ڈس انفیکشن مہم بھی اختتام کو پہنچ گئی ہے۔ تاہم پبلک عمارتوں کو ڈس انفیکٹ کیے جانے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔بتایا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس پھیلاو کے باعث 26 مارچ کو ڈس انفیکشن مہم کے آغاز کے بعد کرفیو نافذ کیا گیا تھا۔ابتداء میں رات 8 بجے سے صبح 6 بجے تک لوگوں کو باہر نکلنے کی اجازت نہیں تھی۔ بعد ازاں 31 مارچ کو مملکت بھر میں نقل و حرکت، کاروباری اور دیگر سرگرمیوں پر پابندیاں عائد کر دی گئی تھیں۔ 23 اپریل کو ان پابندیوں میں نرمی کرتے ہوئے مالز اور ریسٹورنٹس محدود پیمانے پر کھولنے کی اجازت دی گئی تھی، جبکہ رات کے کرفیو کے اوقات کار میں تبدیلی کرتے ہوئے رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک کرفیو نافذ کیا گیا۔ ان سخت پابندیوں کی وجہ سے ہی متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کنٹرول میں آیا، اور اب امارات میں رپورٹ ہونے والے کل 46 ہزار سے زائد کیسز میں سے 34 ہزار سے زائد صحتیاب ہو چکے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close