ریاض (پی این آئی) سعودی عرب میں شادی گھر بھی کھول دیے گئے ہیں۔سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان طلال الشلھوب نے کہا کہ وزارت داخلہ نے مملکت بھر میں تمام اقتصادی و تجارتی سرگرمیوں کی بحالی اور جملہ معمولات زندگی مارچ سے پہلے والے نظام کے مطابق بحال کرنے کا جو فیصلہ کیا ہے شادی گھربھی
اسی نظام کے تحت بحال کردیے گئے ہیں۔ترجمان کا کہنا ہے کہ شادی گھروں کے مالکان سے کہا گیا ہے کہ کسی بھی تقریب میں بیک وقت 50 سے زیادہ افراد جمع نہ ہوں۔طلال الشلھوب نے بتایا کہ شادی گھروں کی انتظامیہ کو تنبیہ کی گئی ہے کہ اگر ان کے یہاں ایک وقت میں پچاس سے زیادہ افراد کا اجتماع نظر آنے گا تو اس کا نوٹس لیا جائے گا۔ خلاف ورزی پر مقررہ جرمانے وصول کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ حفاظتی ماسک، سماجی فاصلہ اور مسلسل ہاتھ دھوتے رہنے کی عام پابندیاں بھی شادی گھروں پر لاگو ہوں گی۔اعدادوشمار کے مطابق سعودی عرب میں کووڈ19 کے مزید 3ہزار392 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد مملکت میں کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 1لاکھ 61ہزار5 ہوگئی ہے۔ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید 40اموات کے بعد کورونا سے اب تک ہونے والی اموات کی کل گنتی 1307تک پہنچ چکی ہے۔ ملک میں مزید 4ہزار45 مزید مریض صحتیاب ہوگئے ہیں جس کے بعد صحتیاب ہونے والوں کی کل تعداد 1لاکھ 5ہزار175 ہوگئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں