انقرہ (پی این آئی)نا ممکن کو ممکن کر دکھایا، ترکی دنیا کی 10 بڑی معیشتوں میں شامل ہونے کے قریب پہنچ گیا.. ترک صدر رجب طیب اردگان کا کہنا ہے کہ کورونا کے باوجود ملکی معیشت تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور ترکی دنیا کی 10 بڑی معیشتوں میں شامل ہونے کے قریب پہنچ گیا ہے۔فارس بیراج کی افتتاحی تقریب
سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر کا کہنا تھا کہ کورونا کے باوجود رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں ترکی کی شرح نمو ساڑھے 4 فیصد رہی ، اگلی سہ ماہی میں بھی یہ تیزی برقرار رہے گی، ترکی بہت جلد دنیا کی 10 بڑی معیشتوں میں شامل ہونے والا ہے اور ہم اس ہدف کے بہت قریب آگئے ہیں۔ترک صدر نے بتایا کہ مرکزی بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر کو ایک بار پھر 93 ارب ڈالر سے بڑھا دیا گیا ہے، اس انتہائی مشکل ہدف کو عبور کرنے کیلئے انہیں اپنے ملک کے عوام کی بھرپور حمایت حاصل رہی ہے۔بیراج کا افتتاح کرتے ہوئے ترک صدر نے کہا کہ جب انہوں نے حکومت سنبھالی تو ملک میں 276 بیراج تھے لیکن اب ان کی تعداد 585 ہوچکی ہے، انہوں نے بیراجوں، ہائیڈرو الیکٹرک پاور سٹیشن ، پینے کے صاف پانی کی تنصیبات اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس آبپاشی کے نظام سے قوم کی خوشحالی کی شرح کو مزید بلند کیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں