سعودی عرب میں کورونا وائرس کی متعدد لہروں کا دوبارہ حملہ آور ہونے کا امکان۔۔الرٹ جاری کر دیا گیا

ریاض (پی این آئی) سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی ایک اور بلکہ متعدد لہریں آسکتی ہیں، اس قسم کے وبائی امراض باربار حملہ آور ہوتے ہیں۔سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کورونا وائرس کی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس وباؤں

کے خاندان سے تعلق رکھتا ہے، وہ متعدد لہروں کی شکل میں پے درپے وار کرتا ہے۔وزارت صحت کے ترجمان نے واضح کیا کہ دنیا بھر کے ممالک حفاظتی اقدامات کے ذریعے وبا کو پھیلنے سے روکنے، دوسروں کو وبا سے بچانے اور کنٹرول کرنے کے لیے مختلف اقدامات کرتے ہیں، جہاں تک سعودی عرب کا تعلق ہے تو یہاں کورونا وائرس کے ہر مرحلے کی بابت تمام معلومات اور حالات کا گہرائی سے جائزہ لیا جارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ اس وائرسی مرض کے حوالے سے حالات کا باریک بینی سے جائزہ لیتے ہوئے ڈیٹا تیار کیا جارہا ہے، سعودی محکمہ صحت کے حکام اس حوالے سے اپنی ذمہ داری سے غافل نہیں ہیں۔وزارت صحت کے ترجمان نے اطمینان دلایا کہ اگر خدانخواستہ کورونا وائرس کی کوئی نئی لہر آتی ہے تو اسے قابو کر لیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں