نیویارک(پی این آئی) عالمی ادارہ صحت نے کورونا سے بچاؤ کی ویکسین کی جلد دستیابی کی خوشخبری سنا دی، رواں سال کورونا سے بچاؤ کی ویکسین کی دو کروڑ خوراکیں دستیاب ہوںگی،ڈبلیو ایچ او نے ویکسین کی تقسیم کی پالیسی بنانا شروع کر دی۔تفصیلات کے مطابق عالمی ادارہ صحت کی سینئر سیاستدان سومیا سوانناتھن
نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا ہے کہ رواں سال کورونا سے بچاؤ کی ویکسین کی دو کروڑ خوراکیں دستیاب ہوںگی۔انہوں نے کہا کہ 10 سے زائد ویکسین کے انسانوں پر کلینکل ٹرائل جاری ہیں اور آئندہ چند ماہ میں یہ ویکسین عام استعمال کے لیے دستیاب ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ 2021 کے آخر تک خوراکوں کی تعداد 4کروڑ تک بڑھائی جائے گئی۔عالمی ادارہ صحت ویکسین کی تقسیم کی پالیسی مرتب کر رہی ہے جس میں ڈاکٹر وں، طبی عملے اور عمر رسیدہ افراد کو ترجیح دی جائے گی۔واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 84 لاکھ 6 ہزار 62 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں 4 لاکھ 53 ہزار 586 ہو گئیں۔کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 35 لاکھ 74 ہزار 293 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 54 ہزار 615 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 44 لاکھ 88 ہزار 816 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ امریکی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق امریکا تاحال کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں ناصرف کورونا مریض بلکہ اس سے ہلاکتیں بھی اب تک دنیا کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ ہیں۔امریکا میں کورونا وائرس سے اب تک 1 لاکھ 19 ہزار 941 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 22 لاکھ 34 ہزار 471 ہو چکی ہے۔ امریکا کے اسپتالوں اور قرنطینہ مراکز میں 11 لاکھ 95 ہزار 734 کورونا مریض زیرِ علاج ہیں جن میں سے 16 ہزار 644 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 9 لاکھ 18 ہزار 796 کورونا مریض اب تک شفایاب ہو چکے ہیں۔کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں برازیل دوسرے نمبر پر ہے جہاں کورونا کے مریضوں کی تعداد 9 لاکھ 60 ہزار 309 تک جا پہنچی ہے جبکہ یہ وائرس 46 ہزار 665 زندگیاں نگل چکا ہے۔کورونا وائرس سے روس میں کل اموات 7 ہزار 478 ہو گئیں جبکہ اس کے مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 53 ہزار 301 ہو چکی ہے۔بھارت میں بھی کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور وہ اس فہرست میں چوتھے نمبر پر آ گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں