ترک فضائیہ ایکشن میں آگئی ، پڑوسی ملک پر شدید بمباری کر دی

انقرہ (پی این آئی) ترک وزارت دفاع نے کہاہے کہ شمالی عراق میں انقرہ کا فوجی آپریشن منصوبہ بندی کے مطابق کامیابی سے جاری ہے۔ فوجی ہیلی کاپٹر مذکورہ علاقے میں اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترکی کی وزارت دفاع نے جمعرات کو علی الصبح ایک وڈیو کلپ جاری کیا ۔ اس

وڈیو میں فوجی ہیلی کاپٹروں اور توپ خانوں کی جانب سے اہداف کو نشانہ بناتے ہوئے دکھایا گیا ۔یہ کارروائیاں شمالی عراق میں ہفتانین کے علاقے میں عسکری آپریشن کے سلسلے میں ہو رہی ہیں۔ آپریشن کو پنجہِ شیرکا نام دیا گیا ہے۔ترک وزارت دفاع نے سلسلہ وار ٹویٹس میں کئی وڈیو کلپس جاری کیے ہیں۔ ان وڈیوز میں شمالی عراق میں مقررہ اہداف پر بم باری اور گولہ باری کی کارروائیوں کے مناظر محفوظ کیے گئے ہیں۔کارروائیوں کے لیے ہیلی کاپٹروں، توپ خانوں، زمین سے زمین تک کے راکٹ داغنے والے فوجی ٹینکوں اور راکٹ لانچرز کا استعمال کیا جا رہا ہے۔وزارت دفاع کے مطابق آپریشن کا مقصد علاقے میں کردستان ورکرز پارٹی کے مسلح عناصر کی پناہ گاہوں ، خفیہ مورچوں اور ٹھکانوں کو تباہ کرنا ہے۔ترکی کے سرکاری چینل کے مطابق آپریشن کے آغاز کے بعد ابتدائی 36 گھنٹوں میں 500 اہداف کو تباہ کیا گیا۔وزارت دفاع کا کہنا تھاکہ ترک وزیر دفاع حلوصی آکار اور مسلح افواج کی قیادت میں شامل کئی دیگر شخصیات اس فوجی آپریشن کا جائزہ لے رہی ہیں ،، اور فضائیہ کے آپریشن روم کے اندر سے اس آپریشن کو چلا رہے ہیں۔عراق نے ترکی کی جانب سے اس کی اراضی کی خود مختاری پامال کرنے کی مذمت کی ہے۔ بغداد میں انقرہ کے سفیر کو بلا کر انہیں احتجاجی یادداشت دی گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں