نیو یارک(پی این آئی)75 سال میں پہلی مرتبہ، اس سال ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں سربراہان اکٹھے نہیں ہوں گے،اقوامِ متحدہ کے لیڈرز عالمی ادارے کی 75 سالہ تاریخ میں پہلی بار نیویارک میں جمع نہیں ہوں گے۔جنرل اسمبلی کے صدر محمد بندے کے مطابق کووِڈ19 کے باعث ستمبر میں ہونے والا اقوام
متحدہ کا سالانہ اجتماع نہیں ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ اس بار جنرل اسمبلی کے 75 سال پورے ہونے پر بڑی تیاریاں کی گئی تھیں، لیکن کورونا کے باعث انہیں معطل کرنا پڑ رہا ہے۔محمد بندے نے کہا کہ اگلے دو ہفتوں میں اقوامِ متحدہ فیصلہ کرے گی کہ جنرل اسمبلی کی عام بحث میں 193 ممالک کے سربراہ کس طرح اظہارِ خیال کرسکیں گے۔صدر جنرل اسمبلی نے کہا کہ عام طور پر سربراہانِ مملکت اکیلے سفر نہیں کرتے اور نیویارک کورونا کے باعث ان کے وفود کی آمد کا متحمل نہیں ہوسکتا۔تاہم توقع ظاہر کی جارہی ہے کہ مختلف ملکوں کے نمائندے اپنے سربراہِ مملکت کا ریکارڈ شدہ پیغام جنرل اسمبلی میں سنوادیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں