متحدہ عرب امارات کی اہم ترین ریاست جہاں داخلے پر مکمل پابندی لگا دی گئی،پابندی کتنی مدت تک برقرار رہے گی؟

ابوظہبی (پی این آئی) متحدہ عرب امارات کے دالحکومت ابوظہبی میں داخلی و خارجی آمدورفت پر مکمل پابندی عائد کردی گئی، کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے پابندی کا اطلاق 2 جون بروز منگل سے ہوگا، جوکہ ایک ہفتے کیلئے متوقع ہے۔ ابوظہبی میڈیا آفس نے اعلان کیا ہے کہ ابوظہبی میں دوسرے علاقوں میں

آنے اور جانے پر 2 جون بروز منگل سے پابندی شروع ہوجائے گی۔کووڈ 19 وباء سے نمٹنے کیلئے قائم ایمرجنسی اینڈ کرائسز کمیٹی نے محکمہ صحت اور ابوظہبی پولیس کے تعاون سے ابوظہبی میں داخلی و خارجی آمدورفت پر مکمل پابندی عائد کردی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ابوظہبی سے دوسرے علاقوں میں آنے اور باہرجانے کیلئے 2 جون بروز منگل سے پابندی کا نفاذ ہوگا۔ یہ پابندی ایک ہفتے کیلئے متوقع ہے۔دوسری جانب متحدہ عرب امارات کے ایک اعلیٰ حکومتی عہدہ دار نے کہا ہے کہ کورونا کی وًبا جلد ختم ہونے کی نہیں، ہمیں نیا طرز زندگی اختیار کرنا ہوگا۔عرب ٹی وی کے مطابق یو اے ای حکومت کی ترجمان ڈاکٹر آمنہ الشمسی کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے 449 مزید مریض صحتیاب ہوگئے ہیں اور ملک میں اب تک 17546 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں کمی اور اس وبا کی رجعت کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں یو اے ای کے شعبہ صحت کی ترجمان ڈاکٹر فریدہ الحوسنی کا کہنا تھا عمومی طور پر یہ کہنا مشکل ہے کہ کووڈ19 وائرس نے عالمی سطح پر پسپائی اختیار کرنا شروع کردی ہے کیونکہ اس ضمن میں بہت سے عوامل کو ملحوظ رکھنا ضروری ہے اور یہ ایک سے دوسرے ملک میں مختلف ہوسکتے ہیں۔ان میں کیے گئے اقدامات ، صحت کی سہولتیں یا صلاحیتیں اور پیشگی حفاظتی تدابیر کی پاسداری شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے ممالک میں کیسوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے جبکہ دوسرے بہت سے ممالک میں بہتری آرہی ہے۔ پھر ہم یہ بھی دیکھ رہے ہیں کہ عالمی ادارہ صحت ( ڈبلیو ایچ او) کے فراہم کردہ تازہ اعداد وشمار کے مطابق دنیا میں روزانہ رپورٹ ہونے والے کیسوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close