ریاض (پی این آئی)سعودی عرب کی حکمت عملی نے کورونا وائرس کو پچھاڑ دیا، کورونا مریض تیزی سے صحت یاب ہونے لگے، جبکہ نئے کورونا کیسز کی یومیہ تعداد بھی واضح کم ہونے لگی، پچھلے 24 گھنٹے میں مزید1581 نئے کورونا کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 2460 مریض مکمل صحت یاب ہوگئے ہیں، مملکت
میں اموات کی کل تعداد 458 ہوچکی ہے۔ سعودی وزارت صحت کے مطابق مملکت میں بہترین حکومتی اقدامات، احتیاطی حفاظتی تدابیر اور ٹیسٹنگ کی صلاحیت بڑھانے سے کورونا مریضوں کی یومیہ تعداد کم ہوکر1581 پر آگئی ہے۔جس سے مملکت میں مجموعی کیسز کی تعداد 81 ہزار 766 ہوگئی ہے۔ اس میں سے 57 ہزار 13 مریض مکمل صحت یاب ہوچکے ہیں۔ جس کے بعد سعودی عرب میں ایکٹو کیسز کی تعداد 24 ہزار295 یعنی 30 فیصد رہ گئی ہے۔ ملک میں ابھی تک کورونا سے کل 458 مریض انتقال کرچکے ہیں۔وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مملکت میں کورونا سے نمٹنے کیلئے حکومت کے بہترین اور سخت حفاظتی اقدامات سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں مدد ملی ہے، اسی طرح کورونا مریض تیزی سے صحت یاب بھی ہونے لگے ہیں۔جبکہ نئے کورونا کیسز کی یومیہ تعداد بھی واضح کم ہونے لگی ہے۔ جس کا اندازہ گزشتہ دنوں میں کورونا کے نئے کیسز کو دیکھ کر لگایا جاسکتا ہے۔ دوسری جانب عرب ٹی وی کے مطابق سعودی وزیر مذہبی امور ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے کہا کہ حکومت نے مساجد کو عبادت کے لیے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مساجد کھولے جانے کے ساتھ ساتھ نمازیوں کو بھی بہت زیادہ احتیاط سے کام لینا ہوگا۔ہم شہریوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ گھروں سے وضو کرکے مساجد میں آئیں اور جائے نماز گھروں سے ساتھ لائیں۔ اس کے ساتھ ساتھ شہریوں کو چہرے پر ماسک چڑھانے، مساجد کا رخ کرنے سے قبل ہاتھوں کو اچھی طرح دھونے کے ساتھ ساتھ دیگر حفاظتی اقدامات کریں۔ سعودی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ مکہ معظمہ کی مساجد کے سوا ملک کی تمام مساجد میں نماز جمعہ اور با جماعت نمازوں کی مشروط اجازت دی گئی ہے۔حکومت کی طرف سے مساجد میں نماز اور عبادت کے لیے نیا میکا نزم تیار کیا گیا ہے۔ مساجد کو اذان سے پندرہ منٹ قبل کھولا جائے گا اور فرض نماز کی ادائی کے 10 منٹ کے بعد مساجد کو بند کردیا جائے گا۔ اذان اور اقامت کے درمیان 10 منٹ کا وققہ ہوگا۔ نمازوں کی ادائی کے دوران مساجد کے تمام دروازے اور کھڑکیاں کھلی رکھی جائیں گی۔عارضی طور پر مساجد سے قرآن پاک کے نسخے اور کتب اٹھا لی گئی ہیں۔نئے میکا نزم کے تحت دو نمازیوں کے درمیان دو نمازیوں کی جگہ خالی چھوڑی جائے گی جب کہ دو صفوں کے درمیان ایک صف خالی رکھی جائے گی۔ مساجد کے تمام واٹر کولر بند کردیے جائیں گے۔ مساجد میں کسی قسم کے کھانے پینے کی اشیا تقسیم کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ نمازوں کے ادائی کے دوران مساجد کی وضو گاہ کو بند رکھا جائے گا۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ وضو گھروں سے کرکے مساجد میں آئیں۔ سعودی وزیر برائے مذہبی امور آل الشیخ کی ہدایت کے مطابق جمعہ کی نماز کے لیے مساجد کو نماز جمعہ سے 20 منٹ قبل کھولا اور نماز کے 20 منٹ بعد بند کردیا جائے گا۔ خطبہ جمعہ صرف 15 دینے کی اجازت ہوگی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں