ریاض (پی این آئی) سعودی عرب کی حکومت نے نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے مساجد کھولنے کا فیصلہ کرلیا، تاہم عمرہ اور حج کی ادائیگی تاحکم ثانی بند رہے گی۔سعودی عرب کی وزارت اسلامی امور کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جمعہ کی نماز کیلئے مساجد 20 منٹ پہلے کھولی جائیں گی اور نماز ادا کرنے کے 20 منٹ بعد بند
کردی جائیں گی۔سعودی حکام نے پیر کے روز کہا تھا کہ کورونا کے حوالے سے عائد پابندیاں 3 مرحلوں میں کھولی جائیں گی۔ 21 جون سے کرفیو ختم کردیا جائے گا تاہم مکہ مکرمہ میں کرفیو برقرار رہے گا۔31 مئی سے مکہ مکرمہ شہر کے علاوہ تمام شہروں کی مساجد میں نمازیں ادا کرنے کی اجازت دے دی جائے گی۔کورونا کی وجہ سے لگائی گئی پابندیوں کے خاتمے کے پہلے مرحلے کا آغاز جمعرات سے ہوگا اور پورے ملک میں نافذ کرفیو کو 15 گھنٹے تک محدود کردیا جائے گا۔ 30 مئی سے صبح 6 سے رات 8 بجے تک شہروں کے درمیان آمدو رفت بحال کردی جائے گی ۔ 21 جون سے کرفیو کے خاتمے کے باوجود شہریوں کیلئے ماسک پہننا لازمی ہوگا۔سعودی حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ حج اور عمرہ کے فرائض کی ادائیگی تاحکم ثانی بند رہے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں