سعودی عرب میں عید ہفتے کو ہوگی یا اتوار کو؟ ماہرین فلکیات کا بڑا دعویٰ بھی آگیا

جدہ(پی این آئی)سعودی عرب میں عید ہفتے کو ہوگی یا اتوار کو؟ ماہرین فلکیات کا بڑا دعویٰ بھی آگیا… رمضان المبارک کا مقدس اور بابرکت مہینہ اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے۔ لوگوں میں بھی تجسس پایا جاتا ہے کہ عید الفطرہفتے کے روز ہو گی یا 30 روزے مکمل ہونے کے بعد اتوار کو ہو گی۔ اس حوالے سے

ماہرین فلکیات نے دعویٰ کیا ہے کہ اس بار رمضان المبارک کے پورے 30 روزے ہوں گے جس کی وجہ سے یکم شوال یعنی عید الفطر اتوار کے روز منائی جائے گی۔العربیہ نیوز کے مطابق ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ جمعة المبارک 29رمضان المبارک کو چاند سورج سے قبل غروب ہوجائے گا۔ اس طرح اس روز شوال کا چاند نظر نہیں آئے گا اور ماہ صیام کے تیس روزے پورے ہوں گے اور عیدالفطر اتوار کو ہوگی۔سعودی عرب کی المجمعہ رصدگاہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 29 رمضان المبارک کو چاند سورج سے 13 منٹ قبل غروب ہوجائے گا۔فلکی حساب کے مطابق سعودی عرب میں انتیس رمضان کو سورج 293 درجے پر شام چھ بج کر 39 منٹ پر غروب ہوگا جب کہ چاند چھ بج کر 26 منٹ پر یعنی غروب آفتاب سے 13 منٹ قبل افق سے غائب ہوجائے گا۔رصدگاہ کے مطابق ہفتے کے روز 30 رمضان المبارک 23 مئی کو سورج چھ بج کر چالیس منٹ پر غروب ہوگا جب کہ چاند سات بج کر 23 منٹ پر غروب ہوگا۔ اس طرح تیس رمضان المبارک کی شام کو شوال کا چاند غروب آفتاب کے بعد 43 منٹ تک افق پر دیکھا جاسکے گا۔سعودی عرب کی القصیم یونیورسٹی میں جغرافیے اور موسمیات کے استاد پروفیسر ڈاکٹر عبداللہ المسند نے بتایا کہ 29 رمضان المبارک کو چاند مکہ معظمہ میں غروب آفتاب سے 10 منٹ قبل غروب ہوگا۔ سورج اور چاند اگلے روز آٹھ بج کر 39 منٹ پر ایک دوسرے کے قریب آئیں گے۔ اس طرح سعودی عرب میں ماہ صیام 30 دنوں کا ہوگا اور عید الفطر اتوار 24 مئی کو ہوگی۔واضح رہے کہ چند روز قبل سعودی عرب میں عید الفطر کی تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے۔سعودی وزارت محنت و افرادی قوت کی جانب سے سرکاری اور نجی دونوں شعبوں کے ملازمین کے لیے تعطیلات کا اعلان کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ سرکاری ملازمین کو 22 رمضان المبارک (بروز جمعرات) سے لے کر7شوال (اتوار) تک عید کی تعطیلات دی گئی ہیں، جن کی گنتی 17 روز کی بنتی ہے۔ اس طرح سرکاری ملازمین 8 جون کو دوبارہ دفاتر میں جائیں گے۔ جبکہ نجی اداروں کے ملازمین کو قانون محنت کے مطابق عید الفطر کی چارچھُٹیاں دی گئی ہیں۔ نجی کارکنان 29 رمضان المبارک کو ڈیوٹی ادا کریں گے، اس کے بعد وہ اگلے چار دِن عید کی چھُٹیاں منائیں گے۔ وزارت محنت نے واضح کیا ہے کہ قانون محنت کی دفعہ 112 کے تحت تمام نجی اداروں کے ملازمین کو عید سمیت دیگر تقریبات کے موقع پر تنخواہ سمیت چھُٹیاں دی جاتی ہیں ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close