جدہ (پی این آئی)لواحقین کی طرف سے نہ خود غسل، نہ آخری دیدار، سعودی عرب میں کورونا کے مردے کی تدفین کیسے ہوتی ہے؟سعودی عرب میں کرونا وائرس کے سبب فوت ہونے والے افراد کی تدفین کے لیے صوبائی اور ضلعی سطح پر قبرستان مختص کر دیے گئے ہیں۔ ان مُردوں کو ہسپتالوں میں غسل دیا جاتا ہے
اور یہ عمل وزارت صحت کے زیر نگرانی انجام دیا جاتا ہے۔ اس مقصد کے لیے متعدد غسل دینے والے افراد کو تربیت دی گئی ہے جو حفاظتی اقدامات کے مطابق محفوظ طریقے سے غسل کا کام انجام دے سکیں۔کرونا کے سبب مرنے والے افراد کے اہل خانہ اپنے مردے کو غسل نہیں دے سکتے اور نہ آخری دیدار کر سکتے ہیں۔ اس کی وجہ معاشرے میں وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے نافذ کیے گئے احتیاطی اقدامات ہیں۔ جدہ کے سکریٹریٹ کے سرکاری ترجمان محمد البقمی کے مطابق کرونا وائرس کے سبب فوت ہونے والوں کے غسل کی کارروائی کے دوران لوگوں کے اکٹھا ہونے یا تعزیتی مجلس قائم کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے البقمی نے کہا کہ “متوفی کے متعلقین میں صرف 10 افراد تک کو نماز جنازہ پڑھنے اور تدفین میں شریک ہونے کی اجازت ہے۔ اس دوران مقررہ احتیاطی تدابیر اور احتیاطی اقدامات کے ساتھ سماجی فاصلے کو برقرار رکھنا لازم ہے۔البقمی نے مزید بتایا کہ “جدہ میں ذہبان قبرستان کو مختص کیا گیا ہے جہاں معمول کے طریقے کے مطابق تدفین عمل میں لائی جاتی ہے”۔انہوں نے باور کرایا کہ متعلقہ حکام کا میتوں کی نماز جنازہ پڑھانے کے لیے مختص مساجد کے آئمہ کرام کے ساتھ رابطہ رہتا ہے۔ اس کا مقصد آئمہ کرام کو حفاظتی طریقوں اور اقدامات کے بارے میں آگاہ کرنا ہے۔البقمی کے مطابق ہسپتال میں متوفی کو غسل دینے میں عذر لاحق ہونے کی صورت میں میت کو مقررہ مردے خانے میں غسل دیا جاتا ہے۔ وزارت صحت کی ہدایات کے مطابق ذاتی تحفظ کے لیے طبی ماسک ، دستانے اور ایپرن کا پہننا لازم ہے۔ اس کے علاوہ میت کی منتقلی یا غسل کی کارروائی پوری ہونے کے بعد ہاتھوں کو پانی اور صابن سے کم از کم 40 سیکنڈ تک دھونے کی پابندی کی جانی چاہیے۔ میت کو ایسے واٹر پروف بیگ میں رکھا جاتا ہے جو سیال کو باہر آنے سے روکتا ہے۔ انتہائی ضرورت کی صورت کے علاوہ لاش کا پوسٹ مارٹم نہیں کیا جاتا۔جدہ کے سیکریٹریٹ کے سرکاری ترجمان نے بتایا کہ تدفین کے دوران یہ عمل انجام دینے والوں کے لیے لازم ہے کہ وہ ذاتی حفاظت کے لوازمات کا استعمال کریں اور تدفین کے بعد ہاتھوں کو پانی اور صابن سے کم از کم 40 سیکنڈ تک دھوئیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں