طالبان کی حکومت میں کوئی بھی محرومیت اور محکومیت محسوس نہیں کرے گا۔۔۔طالبان نے عام معافی کا اعلان کر دیا

کابل (پی این آئی) طالبان کی حکومت میں کوئی بھی محرومیت اور محکومیت محسوس نہیں کرے گا،طالبان نے عام معافی کا اعلان کر دیا… امارت اسلامی افغانستان (طالبان) کے امیر ملاہبتہ اللہ اخونزادہ نے کہا ہے کہ عالمی اور علاقائی ممالک سے امارت اسلامیہ کے سیاسی تعلقات ماضی کی نسبت بہت وسیع ہوچکے ہیں۔ طالبان کی حکومت میں کوئی بھی محرومیت اور محکومیت محسوس نہیں کرے گا، امریکہ کے ساتھ طے پانے والے معاہدے پر امارت اسلامیہ پوری طرح پابند ہے۔ امریکی حکام کسی بھی طبقے کو معاہدے پر عمل درآمد میں رکاوٹ بننے کی اجازت نہ دے ۔مخالف صف میں کھڑے افراد اگر مخالفت سے دستبردار ہوجائیں،ہماری طرف سے ان کے لیے عام معافی کا اعلان ہے۔عید الفطر کی مناسبت سے اپنے تفصیلی پیغام میں امارت اسلامی افغانستان (طالبان) کے امیر ملا ہبتہ اللہ اخونزادہ نے کہا کہ ہمارا جہاد اللہ تعالی کی رضا، ملک کی مکمل خودمختاری اور یہاں حقیقی اسلامی نظام کے نفاذ کےاہداف لے کر یہاں تک پہنچا ہے ۔ اس جہاد میں عوام اور مجاہدین نے جو قربانیاں دیں اور جو تکالیف اور مصائب جھیلے وہ کسی سے پوشیدہ نہیں ۔ لہذا مذکورہ اہداف کو حاصل کرنے اور انہیں استقلال بخشنے کے لیے اور اس کی راہ میں حائل فتنوں اور خطروں کی روک تھام کے لیے تمام ہموطنوں، خصوصا امارت اسلامیہ کے ذمہ داران اور مجاہدین سے درخواست کرتاہوں کہ اپنے بنیادی مقاصد اور اہداف پر سنجیدگی سے توجہ دیں۔ اپنی صف اور قوت کو مضبوط تر کریں۔ باہمی اتحاد اور اطاعت کو مزیدمستحکم رکھیں اور انتظامی ڈھانچے کو مزید منظم کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں