فلوریڈا (پی این آئی)کورونا وائرس کے بعد امریکا کو ایک اور بڑا جھٹکا لگ گیا، 15 ارب روپے مالیت کا جنگی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا…. امریکا کا جدید ترین، 15 ارب روپے مالیت کا جنگی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، جدید امریکی جنگی طیارہ ایف 35 فلوریڈا کی ائیربیس پر گر کر تباہ ہوا، طیارے کی مالیت 90 ملین ڈالر ہے۔ تفصیلات کے مطابق امریکا کا جدید اور مہنگا ترین جنگی طیارہ فلوریڈا میں گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ طیارے کو حادثہ فلوریڈا ائیربیس پر پیش آیا۔اب تک معلوم نہ ہو سکا کہ طیارہ کس وجہ سے حادثے کا شکار ہوا۔ طیارے سے قبل پائلٹ ایجکٹ کر کے جان بچانے میں کامیاب رہا۔ طیارہ شہری آبادی میں نہیں گرا اس لیے حادثے کے نتیجے میں نہ تو آبادی کو نقصان پہنچا نہ ہی کسی جانی نقصان کی اطلاع ملی۔ بتایا گیا ہے کہ 2006 کے بعد سے اب تک کل 3 ایف 35 جنگی طیارے گر کر تباہ ہو چکے ہیں۔امریکی فضائیہ کے 2 اور جاپانی فضائیہ کا 1 ایف 35 جنگی طیارہ گر کر تباہ ہو چکا۔اب فلوریڈا میں ہوئے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ ماہرین جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ طیارہ کس وجہ سے حادثے کا شکار ہوا۔ یہاں یہ واضح رہے کہ ایف 35 کو امریکا کی جانب سے تیار کردہ سب سے جدید جنگی طیارہ تصور کیا جاتا ہے۔ اس طیارے میں اسٹیلتھ ٹیکنالوجی بھی شامل ہے۔ کچھ عرصہ قبل امریکا اس طیارے کو ترکی کو فروخت کرنے کیلئے راضی ہوگیا تھا، تاہم بعد ازاں شام کے تنازعے اور روس کیساتھ دفاعی تعلقات کو لے کر امریکا نے ترکی کیساتھ کیا گیا معاہدہ منسوخ کر دیا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں