جدہ(پی این آئی) سعودی عرب کے ممتاز مذہبی اسکالر نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کورونا کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر عید کی نماز گھروں میں ہی ادا کی جا سکتی ہے۔ امام مھمد بن سعود اسلامی یونیورسٹی کے فکلیٹی آف شریعہ کے پروفیسر ڈاکٹر سعد الخثلان کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے بعد پیدا
ہونے والی ہنگامی صورت حال کے تناظر میں خطبہ کے بغیر نماز عید گھروں میں ادا کرنا جائز ہے۔ڈاکٹر الخثلان نے اپنے ٹویٹر اکاوٴنٹ پر جاری پیغام میں کہا ہے کہ ”موجودہ حالات میں خطبہ کے بغیر گھروں میں عید کی نماز ادا کرنا جائز ہے۔ اس بات کی روایت حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے حوالے سے نقل کی گئی ہے۔ اس سے قبل مملکت کے مفتی اعظم عبدالعزیز آل الشیخ نے بھی اس ضمن میں فتویٰ جاری کیا ہے۔“ یاد رہے کہ سعودی فتویٰ کمیٹی کی جانب سے تازہ ترین فتویٰ دیا گیا ہے کہ طبی عملہ (ڈاکٹرز، نرسیں اور دیگر پیرامیڈیکل اسٹاف) کورونا کی وبا کے باعث بغیر وضو کیے بھی نماز ادا کر سکتے ہیں، کیونکہ موجود حالات میں شریعت اس کی گنجائش دیتی ہے۔سعودی فتویٰ کمیٹی کے مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز الشیخ کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں متفقہ طور پر یہ فتویٰ جاری کیا گیا ہے۔اس فتویٰ میں کہا گیا ہے کہ خصوصی حالات کے پیش نظر ڈاکٹرز اور نرسوں کو بغیر وضو کے نماز ادا کرنے کی اجازت ہے، یا پھر اپنے حفاظتی لباس پر تیمم کر لیں تو بھی ان کی نماز ہو جائے گی۔ کیونکہ کورونا کی وبا کے باعث وضو کی خاطر اپنا حفاظتی لباس اْتارنے سے ڈاکٹرز کے اس وبا سے متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو سکتا ہے۔اس لیے انہیں وضو کے بغیر بھی نماز کی اجازت ہو گی یا پھر حفاظتی لباس پر تیمم کر لینا بھی کافی ہو گا۔ جبکہ کورونا کے مریض اگر تیمم بھی نہ کرنا چاہیں تو انہیں اس کی شرعی اجازت ہو گی۔ کیونکہ ایسا ہو سکتا ہے کہ تیمم کے لیے استعمال کی جانے والی مٹی جراثیم سے بھری ہو، جس سے مریضوں کو نقصان بھی ہو سکتا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں