کورونا وائرس، موجودہ حالات میں ڈاکٹرز اور نرسوں کو بغیر وضونماز ادا کرنے کی اجازت دیدی گئی

مکہ مکرمہ(پی این آئی) دُنیا بھر میں کورونا کی وبا تین لاکھ سے زائد انسانی زندگیاں نگل چکی ہے، جن میں ہزاروں ڈاکٹرز اور نرسیں بھی شامل ہیں۔ حالانکہ طبی عملے کی جانب سے کورونا مریضوں کے علاج کے دوران بھرپور احتیاط کی جا رہی ہے تاہم یہ موذی وائرس کسی نہ کسی طرح معالجین کو بھی اپنی پکڑ میں لے

ہی لیتا ہے۔ سعودی فتویٰ کمیٹی کی جانب سے تازہ ترین فتویٰ دیا گیا ہے کہ طبی عملہ (ڈاکٹرز، نرسیں اور دیگر پیرامیڈیکل اسٹاف) کورونا کی وبا کے باعث بغیر وضو کیے بھی نماز ادا کر سکتے ہیں، کیونکہ موجود حالات میں شریعت اس کی گنجائش دیتی ہے۔سعودی فتویٰ کمیٹی کے مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز الشیخ کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں متفقہ طور پر یہ فتویٰ جاری کیا گیا ہے۔اس فتویٰ میں کہا گیا ہے کہ خصوصی حالات کے پیش نظر ڈاکٹرز اور نرسوں کو بغیر وضو کے نماز ادا کرنے کی اجازت ہے، یا پھر اپنے حفاظتی لباس پر تیمم کر لیں تو بھی ان کی نماز ہو جائے گی۔ کیونکہ کورونا کی وبا کے باعث وضو کی خاطر اپنا حفاظتی لباس اُتارنے سے ڈاکٹرز کے اس وبا سے متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو سکتا ہے۔اس لیے انہیں وضو کے بغیر بھی نماز کی اجازت ہو گی یا پھر حفاظتی لباس پر تیمم کر لینا بھی کافی ہو گا۔ جبکہ کورونا کے مریض اگر تیمم بھی نہ کرنا چاہیں تو انہیں اس کی شرعی اجازت ہو گی۔ کیونکہ ایسا ہو سکتا ہے کہ تیمم کے لیے استعمال کی جانے والی مٹی جراثیم سے بھری ہو، جس سے مریضوں کو نقصان بھی ہو سکتا ہے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں کورونا مریضوں کی یومیہ تعداد بڑھنے لگی، مملکت میں مزید 2307مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی، جس سے مجموعی مریضوں کی تعداد49ہزار176 ہوگئی ہے۔سعودی وزارت صحت کے مطابق مملکت میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران مزید 2307مریضوں کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔ نئے کیسز کے ساتھ کورونا کے مجموعی مریضوں کی تعداد 49176 ہوگئی ہے۔لیکن اس کے ساتھ اموات کی تعداد میں کمی دیکھنے میں آئی ہے، پچھلے 24 گھنٹے میں 9مریض انتقال کرگئے ، جس سے اموات کی تعداد 292 ہوگئی ہے۔اسی طرح صحت یاب مریضوں کی شرح میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ مجموعی تعداد میں 30 فیصد مریض صحت یاب ہوگئے ہیں،جس کے بعد صحت یاب مریضوں کی مجموعی تعداد 21869 ہوگئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close