وہ اسلامی ملک جس نےکورونا وائرس کیخلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والے ڈاکٹرز کو گولڈن ویزے دینے کا اعلان کر دیا

دبئی (پی این آئی) دبئی میں کورونا وائرس کے دوران خدمات سرانجام دینے والے ڈاکٹروں کے لئے گولڈن ویزے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ عرب خبر رساں ادارے کے مطابق دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے کورونا وائرس کے دوران دبئی ہیلتھ اتھارٹی کے لیے کام کرنے والے ڈاکٹرز کی کاوشوں کو سراہا

اور 212 ڈاکٹرز کے لیے 10 سال کے گولڈن ویزے کا اعلان کیا۔شیخ محمد بن راشد المکتوم نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں، نرسوں اور تمام اسٹاف ممبران کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم بہت جلد اس وبا پر قابو پا لیں گے۔ متحدہ عرب امارات میں اس وبا کے خلاف جنگ میں مختلف شعبہ ہائے زندگی کے درمیان یکجہتی پر میں سب کا شکر گزار ہوں جو ایک ساتھ مل کر اس کی روک تھام کے لئے کام کر رہے ہیں۔خیال رہے کہ دبئی میں کسی کو بھی رہائش کے لئے مستقل ویزا جاری نہیں کیا جاتا جس کی وجہ سے حکومت نے مختلف شعبوں میں کارکردگی دکھانے والے افراد کے لئے گولڈن ویزا متعارف کروایا تھا جو 10 سال تک قابل استعمال ہے جب کہ اسے 10 سال مکمل ہونے پر مزید 10 سال کے لیے بھی توسیع دی جاسکتی ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ سال بھی دبئی حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے کئی شہریوں کو گولڈن ویزا جاری کیا تھا۔اس سال بھی ان ڈاکٹروں کے لئے گولڈن ویزے کا اعلان کیا گیا ہے جو کورونا وائرس کے مشکل وقت میں دبئی میں اس وائرس کے مریضوں کا علاج کر رہے ہیں۔ اس حوالے سے 212 ڈاکٹروں میں گولڈن ویزا جاری کیا گیا ہے۔ دبئی میں کورونا وائرس کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا جائے تو ابھی تک 20ہزار سے زیادہ افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ 206افراد کورونا کا شکار ہو کر ہلاک ہو چکے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں