کورونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر میں لاک ڈائون ، زمین کی آواز بھی تبدیل ہو گئی ،ماہرین ارضیا ت کا حیران کن دعویٰ

نیویارک(پی این آئی) کورونا وائرس کی وجہ سے بیشتر ممالک میں لاک ڈاؤن ہے جس سے انسانوں کے رویوں میں تو تبدیلی آ ہی رہی ہے تاہم اب ماہرین ارضیات نے زمین کے حوالے سے بھی حیران کن انکشاف کر ڈالا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق ماہرین نے بتایا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے لوگوں کی نقل و حمل

محدود ہوئی ہے جس سے ہماری زمین کی آواز بھی تیزی سے تبدیل ہونی شروع ہو گئی ہے اور اس کے ارتعاش کی شدت کم ہوتی جا رہی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ”جب سے مختلف ممالک میں لاک ڈاؤن ہونا شروع ہوا ہے، تب سے زمین کی گردش اور آواز کو ناپنے والے اور زلزلے کے متعلق بتانے والے ’سائزمومیٹرز‘ پرزمین کی آواز کی شدت میں تیزی سے کمی آ رہی ہے۔یہ سائزمومیٹرز پیرس، لندن، برسلز، آکلینڈ اور امریکی شہر لاس اینجلس سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں لگے ہوئے ہیں اور ہر جگہ سے یہ میٹرز بتا رہے ہیں کہ انسانی سرگرمیاں کم ہونے کی وجہ سے زمین کی آواز، جو زمین کے ارتعاش سے پیدا ہوتی ہے، کم ہو رہی ہے۔ “ ماہرین ارضیات کا کہنا ہے کہ انسانوں کی سرگرمیوں کا شور اس قدر کم ہو گیا ہے کہ اب سائزمومیٹرز دور افتادہ علاقوں میں آنے والے ہلکے سے زلزلوں کی آواز بھی سنارہے ہیں جواس سے قبل انسانی سرگرمیوں کے شور کی وجہ سے سنائی نہیں دیتی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close