ڈاکٹرز میری موت کیلئے تیار تھے،کورونا کو شکست دینےوالے برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے انکشاف کر دیا

برطانیہ(پی این آئی)ڈاکٹرز میری موت کیلئے تیار تھے،کورونا کو شکست دینےوالے برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے انکشاف کر دیا،حال ہی میں کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والے برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے انکشاف کیا ہے کہ کورونا کی وجہ سے ڈاکٹرز ان کی موت کے لیے تیار تھے۔برطانوی

اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے بورس جانسن نے کہا کہ کسی بھی موقع پر یہ نہیں سوچا کہ مرنے والا ہوں، اسپتال میں آکسیجن لگائی گئی مگر مایوسی اس بات پر تھی کہ طبیعت بہتر کیوں نہیں ہو رہی‘۔انٹرویو کے دوران برطانوی وزیراعظم نے انکشاف کیا کہ جب وہ کورونا کے خلاف جنگ لڑ رہے تھے تو ڈاکٹرز ان کی موت کے اعلان کے لیے تیار تھے، یہ ایک تلخ لمحہ تھا جس کی تردید نہیں کی جا سکتی۔بورس جانسن کا کہنا تھا کہ علاج کرنے والے ڈاکٹروں کے پاس ایسی حکمت عملی تھی کہ اگر سابق سوویت رہنما اسٹالن کی طرح ان کا اچانک انتقال ہو جائے تو کیا کرنا ہے۔ برطانوی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس تجربے نے بیماری سے لڑنے اور ملک کو معمول پر لانے کے لیے زیادہ پرعزم بنا دیا ہے۔یاد رہے کہ 27 مارچ کو برطانوی وزیراعظم کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی تھی جس کے بعد وہ ڈاؤننگ اسٹریٹ میں واقع اپنی سرکاری رہائش گاہ پر ہی آئسولیشن میں چلے گئے تھے اور وہیں سے سرکاری امور دیکھ رہے تھے۔ایک ہفتے بعد7 اپریل کو ان کی حالت مزید خراب ہوئی تو انہیں اسپتال داخل کیا گیا جہاں انہیں انتہائی نگہداشت کے شعبے (آئی سی یو) منتقل کیا گیا تھا۔برطانوی وزیراعظم کو 12 اپریل کو اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا تھا جس کے بعد وہ مکمل صحت یابی کے لیے اپنی رہائش گاہ میں ہی موجود تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close