کورونا ویکسین کی تیاری میں بڑی کامیابی ، بندروں پر کامیاب تجربات کے بعد انسانوں پر بھی تجربات کی اجازت مل گئی

لندن(پی این آئی) برطانیہ سے کورونا وائرس کے خاتمے کے متعلق ایک بڑی خوشخبری سامنے آ گئی ہے، جہاں سائنسدانوں کو کورونا وائرس کی ویکسین کے انسانوں پر تجربات کرنے کی اجازت مل گئی ہے۔ ڈیلی سٹار کے مطابق یہ ویکسین آکسفورڈ یونیورسٹی کے ماہرین نے تیار کی ہے اور اس کے بندروں پر کامیاب

تجربات ہو چکے ہیں۔ ان تجربات میں درجن بھر بندروں کو کورونا وائرس میں مبتلا کیا گیا اور انہیں یہ ویکسین دی گئی اور محض 4ہفتوں کے بعد ان بندروں سے وائرس مکمل ختم ہو گیا۔بندروں پر کامیاب تجربات کے سائنسدانوں نے اعلان کیا تھا کہ جلد اس دوا کے انسانوں پر ٹرائیلز شروع کیے جائیں گے اوراب انسانوں پر تجربات کے لیے انہیں اجازت مل گئی ہے اور ممکنہ طور پر اگلے ماہ یہ تجربات شروع ہو سکتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق سائنسدان 6ہزار سے زائد رضاکاروں پر اس ویکسین کا تجربہ کریں گے۔ اگر انسانوں پر بھی تجربات کامیاب رہے تو اس دوا کو ریگولیٹرز کی طرف سے عالمی صورتحال کے پیش نظر ہنگامی منظوری دے دی جائے گی اور دوا مارکیٹ میں دستیاب ہو جائے گی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر انسانوں پر تجربات کامیاب رہے تو ستمبر تک اس دوا کی بڑے پیمانے پر تیاری اور مارکیٹس میں فراہمی شروع ہو جائے گی۔واضح رہے کہ اس وقت دنیا بھر میں سائنسدانوں کی ٹیمیں کورونا وائرس کی 100کے لگ بھگ ویکسینز تیار کرنے میں جتی ہوئی ہیں۔ ان میں آکسفورڈ یونیورسٹی، امپیرئیل کالج لندن اور چین کی بائیوٹک فرم ’سینوویک‘ کے سائنسدانوں کی ٹیمیں اپنی ویکسینز کے بندروں پر کامیاب تجربات کر چکی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close