واشنگٹن ڈی سی(پی این آئی) ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا میں کورونا وائرس وبا کی ذمہ داری ایک بار پھر چین پر عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ چین سے اس کےلیے ’’بھاری ہرجانہ‘‘ وصول کرسکتے ہیں۔گزشتہ روز وائٹ ہاؤس میں پریس بریفنگ کے دوران امریکی صدر نے چین پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر چین چاہتا تو
ناول کورونا وائرس کا پھیلاؤ محدود کرکے اسے عالمی وبا بننے سے روک سکتا تھا لیکن چین کی غفلت سے یہ بیماری دیکھتے ہی دیکھتے ایک عالمی وبا میں تبدیل ہوگئی جس پر وہ چین سے ’’انتہائی ناخوش‘‘ ہیں۔کچھ روز پہلے ایک جرمن اخبار میں شائع شدہ اداریئے میں وہاں کی حکومت کو تجویز دی گئی ہے کہ وہ کورونا وائرس کے باعث جرمنی میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر چین سے 165 ارب ڈالر ہرجانہ وصول کرے۔وائٹ ہاؤس پریس بریفنگ میں جب اس اداریئے کے حوالے سے ڈونلڈ ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ کیا وہ بھی ایسا ہی کوئی ارادہ رکھتے ہیں تو انہوں نے کہا کہ وہ بہت آسانی سے ایسا کرسکتے ہیں؛ اور ’’ہم جرمنی کے مقابلے میں بہت بڑی رقم کی بات کررہے ہیں،‘‘ ٹرمپ نے جواب دیا۔یہ رقم کتنی ہوگی؟ اس بارے میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ فی الحال حتمی طور پر اس رقم کا تعین نہیں کیا گیا ہے لیکن یہ ہرجانہ ’’بہت بھاری رقم‘‘ کی صورت میں ہوگا جسے چین سے طلب کیا جاسکتا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں