ووہان (پی این آئی)کورونا وائرس کا مرکز سمجھے جانے والے چین کے شہر ووہان میں مہلک وائرس سے متاثرہ تمام مریض اسپتالوں سے ڈسچارج ہوگئے۔کورونا وائرس ووہان سے دنیا بھر میں پھیل گیا ہے جس کی ہلاکت خیزی کا سلسلہ اب بھی نہیں تھم سکا ہے۔کورونا سے دنیا بھر میں اب تک 2 لاکھ افراد لقمہ اجل بن
چکے ہیں جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 28 لاکھ سے زائد ہے لیکن ایسے میں کورونا وائرس کا مرکز سمجھے جانے والا چینی شہرووہان بالکل کورونا فری ہوگیا ہے۔ووہان میں لاک ڈاؤن میں نرمی تو چند روز پہلے ہی کردی تھی اور زندگی آہستہ آہستہ معمول کی جانب گامزن ہے تو وہیں اب وہاں کورونا کا کوئی مریض بھی اسپتال میں زیر علاج نہیں ہے۔چینی ہیلتھ کمیشن کے ترجمان کے مطابق ووہان کے اسپتال میں اب ایک بھی کورونا کا مریض نہیں ہے جبکہ آج نہ ہی کوئی نیا کیس رپورٹ ہوا ہے جس کے بعد شہر میں مریضوں کی تعداد صفر ہے۔انہوں نے مہلک وبا پر قابو پانے پر ووہان کے شہریوں اور تمام میڈیکل اسٹاف کا شکریہ بھی ادا کیا۔ووہان میں کورونا وائرس کے 46 ہزار 452 کیسز رپورٹ ہوئے تھے جو چین کے کیسز کا 56 فیصد ہے جبکہ مہلک وائرس سے 3869 اموات ہوئیں جو کہ 84 فیصد شرح بنتی ہے۔خیال رہے کہ چین میں کورونا وائرس کے باعث 4632 افراد ہلاک ہوئے جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 82 ہزار 827 ہے جن میں سے 77 ہزار 394 صحت یاب ہوچکے ہیں۔دوسری جانب امریکا میں اب تک 55 ہزار افراد کورونا سے ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ اٹلی، برطانیہ، فرانس اور اسپین میں ہلاکتیں 20، 20 ہزار سے زائد ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں