کورونا کے باعث ٹرمپ کا امیگریشن معطل کرنے کا اعلان

امریکی (پی این آئی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس کی وجہ سے امریکا میں امیگریشن عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کر دیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں صدرِ امریکا ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکا کے لیے امیگریشن عارضی معطل کر دوں گا۔انہوں نے کہا ہے کہ نظر نہ آنے

والے دشمن کے حملے اور امریکی شہریوں کی ملازمتوں کی حفاظت کے لیے امریکا میں امیگریشن کو عارضی طور پر معطل کرنے کے لیے ایک ایگزیکٹیو آرڈر پر دستخط کروں گا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس اقدام سے امریکیوں کی ملازمتوں کو تحفظ ملے گا۔واضح رہے کہ امریکا کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں ناصرف کورونا مریض بلکہ اس سے ہلاکتیں بھی دنیا بھر کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ ہیں۔امریکا میں کورونا وائرس سے مجموعی ہلاکتیں 42 ہزار 514 ہو گئیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 7 لاکھ 92 ہزار 759 ہو گئی ہے۔امریکا کے اسپتالوں میں 6 لاکھ 77 ہزار 856 کورونا مریض زیرِ علاج ہیں جن میں سے 13 ہزار 951 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 72 ہزار 389 کورونا مریض اللّٰہ تعالیٰ کی رحمت سے اب تک شفا یاب ہو چکے ہیں۔کوروناوائرس کےباعث امریکا بھر میں 2 کروڑ 20 لاکھ افراد بے روزگار ہو چکے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں