لندن (پی این آئی) برطانیہ کی جانب سے 2 روز بعد کرونا وائرس کی ویکسین کے تجربات شروع کرنے کا اعلان، آکسفورڈ یونیورسٹی کی جانب سے تیار کی جانے والی ویکسین کی افادیت جاننے کیلئے انسانوں پر تجربات کا آغاز جمعرات سے کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق برطانوی محکمہ صحت کی جانب سے بتایا گیا
ہے کہ آکسفورڈ یونیورسٹی کی جانب سے کورونا وائرس کے علاج کیلئے ابتدائی طور پر ایک ویکسین تیار کی گئی ہے۔اس ویکسین کی تیاری کے بعد اب انسانوں پر اس کے تجربات کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ ماہرین 2 روز بعد تیار کردہ ویکسین کی افادیت جانچنے کیلئے اس کا انسانوں پر تجربہ شروع کریں گے۔ امید ظاہر کی جا رہی ہیں کہ 2 روز بعد کیے جانے والے تجربات کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔واضح رہے کہ اس وقت آکسفورڈ یونیورسٹی کے علاوہ دنیا کے دیگر کئی ممالک بھی کورونا وائرس کی ویکسین تیار کرنے کی کوششوں میں مگن ہیں۔دوسری جانب عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ادہانوم گیبریسس نے کہا ہے کہ نئے کورونا وائرس متاثرین کا پتہ لگانے اور مریضوں کے علاج کے لئے وائرس کو تلف کر نے والے مادے کے تجربات کو ترجیح دی جانی چاہیے۔ ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ادہانوم گیبریسس نے یہاں ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انفیکشن معلوم کرنے کے لیے اینٹی باڈی ٹیسٹ اہم ضرورت ہے تاکہ تشخیص کے بعد متاثرہ مریضوں کے علاج معالجہ کو یقینی بنایا جاسکے۔انہوں نے یہ بات ایسے وقت کہی ہے جب یورپی ممالک اینٹی باڈی ٹیسٹ کرنے یا نہ کرنے کے معاملے پر منقسم ہیں۔ہالینڈ یہ معلوم کرنے کے لیے کوشاں ہے کہ اسکی کتنی فیصد آبادی میں نئے کورونا وائرس کے خلاف اینٹی باڈیز یا مدافعتی مادے پیدا ہو ئے ہیں۔ یہ بھی واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 24 لاکھ 81 ہزار 305 ہو چکی ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں 1 لاکھ 70 ہزار 436 ہو گئیں۔بتایا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 16 لاکھ 64 ہزار 7 مریض اب بھی اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 57 ہزار 165 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 6 لاکھ 46 ہزار 862 مریض اس بیماری سے نجات پا کر اسپتالوں سے اپنے گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔امریکا کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں ناصرف کورونا مریض بلکہ اس سے ہلاکتیں بھی دنیا بھر کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ ہیں۔امریکا میں کورونا وائرس سے مجموعی ہلاکتیں 42 ہزار 514 ہو گئیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 7 لاکھ 92 ہزار 759 ہو گئی ہے۔امریکا کے اسپتالوں میں 6 لاکھ 77 ہزار 856 کورونا مریض زیرِ علاج ہیں جن میں سے 13 ہزار 951 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 72 ہزار 389 کورونا مریض شفا یاب ہو چکے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں