بیجنگ(پی این آئی)مشرقی یورپ کے ملک بیلاروس میں نوول کروناوائرس کی وبا پھیلنے پر چین کے صدر شی جن پنگ نے چین کی حکومت اور عوام کی جانب سے بیلاروس کی حکومت سے دلی ہمدردی کا اظہار کیاہے۔بیلاروس کے اپنے ہم منصب الیگزینڈر لوکاشینکو کے نام اپنے پیغام میں شی نے کہاکہ جب سے وبا آئی
ہے دونوں ممالک نے ایک دوسرے کی حمایت اور مدد کی ہے جو ہماری مخلص دوستی ظاہر کرتی ہے جس کے تحت دونوں ممالک اچھے برے وقت میں ایک دوسرے کی مدد کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ وبا کیخلاف جنگ میں چین بیلاروس کی مضبوطی کے ساتھ مدد کرتا ہے اور اپنی صلاحیت کے مطابق بیلاروس کو مدد کرتا رہے گا۔شی جن پنگ نے کہاکہ وائرس کسی سرحدکو نہیں جانتا اور یہ پوری انسانیت کامشترکہ دشمن ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ انسانیت کے مشترکہ مستقبل کے ساتھ ایک برادری کے جذبہ کو برقرار رکھیں، اتحاد اور تعاون کو مضبوط کریں، بیماری سے لڑنے کیلئے ہاتھ ملائیں اور پوری دنیا کی صحت کے تحفظ کیلئے اکٹھے ہوجائیں۔چینی صدر شی پنگ نے کہاکہ میں چین اور بیلاروس کے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہوں اور صحت کی دیکھ بھال جیسے وائرس سے متعلق دو طرفہ تعاون کو مضبوط کرنے کیلئے صدر لوکاشینکو کے ساتھ مشترکہ کوششیں کرنے کیلئے تیار ہوں تاکہ دونوں ممالک کی عوام کو فائدہ ہوسکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں