متحدہ عرب امارات میں کام کرنیوالے پاکستانی ملازمین کیلئے خوشخبری آگئی ، بڑی سہولت دیدی گئی

ابوظبی(پی این آئی ) ابوظبی میں مقیم 50 سال یا اس سے زائد عمر کے غیر ملکی کارکنان کوواپس بھجوانے کے عمل میں ان کے مالکان کو سہولت دی جائے گی۔ ابو ظہبی کے ڈیپارٹمنٹ آف اکنامک ڈویلپمنٹ (DED) کی جانب سے تمام کاروباری تجارتی مراکز اور اداروں کے مالکان کو ایک ای میل بھیجی گئی ہے جس میں

انہیں پیشکش کی گئی ہے کہ اگر وہ اپنے پچاس سال سے زائد عمر کے ملازمین کو وطن واپس بھجوانا چاہتے ہیں تو انہیں اس عمل کے دوران سہولت فراہم کی جائے گی۔البتہ واپس بھجوانے کا خرچہ مالک کی ہی ذمہ داری ہو گا۔ مالکان کو یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ وہ اپنے بوڑھے ملازمین کو غیر معینہ مُدت کے لیے چھُٹیاں دیں، کیونکہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث جنم لینے والی صورت حال اس رعایت کا تقاضا کرتی ہے۔جو مالکان اپنے بوڑھے ملازمین کو واپس بھجوانا چا ہ رہے ہیں وہ اپنے ان ملازمین کی سفری تفصیلات DED کو بھجوائیں تاکہ ان کی وطن واپسی کے باسہولت انتظامات کیے جا سکیں۔ابوظبی حکومت نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا ہے کہ کارکنان کے کورونا وائرس کے مفت ٹیسٹ کروانے کے لیے مزید دو سنٹرز قائم کر دیئے گئے ہیں، یہ دونوں کلینکس مُصفّہ کے کے علاقے میں واقع ہیں۔ جہاں پر کارکنوں کا کورونا ٹیسٹ بالکل مفت ہو گا۔ کورونا کے ان نئے تشخیصی مراکز میں سے ایک مصفہ 12 میں ہنڈائی شو روم کے قریب قائم کیا گیا ہے جبکہ دوسرا تشخیص مرکز مصفہ 43 میں مصفہ بازار کے قریب خدمات فراہم کرے گا۔ابوظہبی حکام کے مطابق خصوصاً 50سال یا اس سے زائد عمر کے افراد میں اگر کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہوں، مثلاً کھانسی، تیز بخار یا سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہو تو وہ فوری طور پر ان مراکز میں پہنچ کر اپنا ٹیسٹ کروائیں۔ ان مراکز پر تمام کارکنان اپنا ٹیسٹ کروا سکتے ہیں، وہ لوگ جن کے ویزوں کی مُدت ختم ہو گئی ہے، انہیں بھی دونوں تشخیصی مراکز سے ٹیسٹ کروانے کی سہولت مہیا ہو گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close