ریاض (پی این آئی) نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق سعودی شاہی خاندان کے 150 افراد کرونا وائرس کا شکار ہوگئے، فرمانروا شاہ سلمان اقر ولی عہد محمد بن سلمان جدہ کے قریب ایک محفوظ علاقے میں منتقل ہوگئے، بیرون ملک سفر کرنے والے شہزادوں کی وجہ سے شاہی خاندان میں وائرس پھیلا۔ تفصیلات کے
مطابق امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کرونا وائرس سے سعودی شاہی خاندان پر بھی حملہ کیا ہے۔دعویٰ کیا گیا ہے کہ سعودی عرب کی ایک اعلی شاہی شخصیت ریاض کے گورنر شہزادہ فیصل بن بندر بن عبدالعزیز کرونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں اور ان کی حالت اس وقت تشویش ناک ہے۔ اسی باعث انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل کیا گیا ہے۔مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ سعودی شاہی خاندان کے 150 کے قریب افراد کرونا وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں۔ اس تمام صورتحال میں سعودی فرمانروا اور ولی عہد جدہ کے قریب محفوظ جزیرے پر منتقل ہو گئے ہیں۔جبکہ سعودی شاہی خاندان کے لئے مخصوص شاہ فیصل ہسپتال میں مزید 500 وی آئی پی بیڈز کا انتظام کر لیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ممکنہ طور پر شاہی خاندان میں کرونا وائرس یورپ کا سفر کرنے والے شہزادوں کی وجہ سے پھیلا ہے۔ یہاں یہ واضح رہے کہ اس تمام معاملے کے حوالے سے سعودی حکومت اور شاہی خاندان تاحال خاموش ہیں۔ نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کی تاحال نہ تصدیق کی گئی ہے، نہ تردید۔جبکہ یہ بھی یاد رہے کہ دوسری جانب سعودی عرب کی وزارتِ صحت نے گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کی327 نئے کیسوں کی تصدیق کی ہے۔ مملکت میں اب کل کیسوں کی تعداد 2932 ہوگئی ہے۔جبکہ کرونا وائرس کا شکار 631 افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔ اس کے علاوہ مہلک وبا سے 41 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ اس صورتحال میں سعودی عرب کے 11 شہروں میں 24 گھنٹوں کا کرفیو نافذ کیا جا چکا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں