جدہ (پی این آئی) سعودی عرب میں کورونا وائرس سے پہلا مریض انتقال کرگیا، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 205 نئے کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، سعودی عرب میں کورونا کیسز کی کل تعداد 767 ہوگئی ہے۔ خلیجی میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں ایک ہلاکت سمیت مزید 205 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، کل کورونا مریضوں
کی تعداد767 ہوگئی ہے۔ اسی طرح سعودی عرب میں کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے مزید اقدامات اٹھائے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام کے بڑے دروازے کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ دیگر تمام دروازے بند کردیئے گئے ہیں۔ سعودی خبررساں ادارے کا کہنا ہے کہ مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ کی جنرل پریذیڈنسی کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے حکم جاری کرکے مسجد الحرام کے تمام ذیلی دروازے بند کرا دیئے تاہم بڑے دروازے کھلے رکھے گئے ہیں۔ڈاکٹرعبدالرحمن السدیس نے بتایا کہ یہ فیصلہ زائرین کوکورونا وائرس کی وباء سے بچانے اور وباء کے پھیلاو کو روکنے کے لیے صحت حکام کے مشورے پر حفاظتی تدبیر کے طور پر کیا گیا ہے۔ دوسری جانب دوسری جانب عالمی سطح پر وباء کے پھیلاؤ کی صورتحال کو دیکھا جائے تو دنیا بھر میں کورونا وائرس کے کل کیسز کی تعداد 3 لاکھ 95 ہزار 5 سے زائد ہوگئی ہے۔جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 17 ہزار100 سے تجاوز کرگئی ہے۔ اسی طرح ایک لاکھ 3 ہزار سے زائد لوگ صحت یاب ہوگئے ہیں۔ نیشنل کورونا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر پاکستان کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس سے پہلی موت کی تصدیق کردی گئی ہے۔ لاہور میں کورونا وائرس کا متاثرہ ایک مریض چل بسا، جس کے بعد پاکستان میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 7 ہو گئی ہے۔ پاکستان میں میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 916ہوگئی ہے، سندھ میں 407، پنجاب میں 265، خیبرپختونخوا میں 38 افراد کرونا کا شکار ہوئے جبکہ بلوچستان میں 110، اسلام آباد میں 15، گلگت میں 80 اور آزاد کشمیر میں ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں