سعودی عرب میں ’نمازِ جمعہ ‘ ادا نہیں ہو گی، صرف کونسی مساجد میں نماز جمعہ ادا کی جائیگی؟

ریاض (پی این آئی ) سعودی عرب کی وزارت اسلامی امور نے اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب میں کل نماز جمعہ نہیں ہوگی بلکہ ظہر کی اذان دی جائے گی اور تمام لوگ اپنے گھروں میں نمازِ ظہر اداکریں گے۔ وزارت اسلامی امور نے نے بتایا ہے کہ کل جمعہ کو مساجد میں نماز جمعہ کی طرح دو اذانوں کے بجائے

صرف ظہر کی اذان دی جائے گی تاہم فیصلے سے حرمین شریفین کو استثنیٰ ہے جہاں جمعے کی نماز ادا کرنے کی اجازت ہوگی۔اس حوالے سے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کل ظہر کی نماز گھروں میں انفرادی طور پر ادا کریں۔ سعودی عرب کی کسی مسجد میں نماز جمعہ نہیں ہوگی۔ حکومت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ کرونا وائرس کے باعث سعودی عرب کے سرکردہ علما بورڈ نے جمعہ اور باجماعت نماز معطل کرنے کا فتوی دیا تھا۔واضح رہے کہ سعودی عرب میں کرونا وائرس کے مزید 67 کیسز سامنے آگئے، مملکت میں وائرس سے متاثرہ کل مریضوں کی تعداد 238 ہوگئی، وائرس پر قابو پانے کیلئے ملک کو لاک ڈاون کیا جا چکا۔تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی وزارتِ صحت نے بتایا ہے کہ مملکت میں کرونا (کوویڈ 19) کے 67 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک میں کرونا وائرس کے متاثرہ مریضوں کی کل تعداد 238 ہوگئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سعودی وزارت صحت کے مطابق رپورٹ ہونے والے تازہ ترین کیسز میں سے پہلے تین کیسز میں ایسے شہری شامل ہیں جو جرمنی ، برطانیہ اور اردن سے آئے۔انہیں جدہ کے ایک اسپتال میں قرنطینہ منتقل کیا گیا ہے۔مصر سے آنے والی ایک خاتون اور ایک مرد بھی کرونا کے مریض نکلے جب کہ ایک خاتون ترکی سے واپس آئی اور اس کا کرونا ٹیسٹ پازیٹو نکلا ہے۔عراق سے سعودی عرب آنے والے 10 افراد میں کرونا وائرس پایا گیا۔ ایک شہری اٹلی سے چند روز قبل واپس لوٹا تھا جس میں کرونا کی تصدیق کی گئی ہے۔وزارت صحت نے بتایا کہ کرونا کے تین کیسز میں اسپین سے آنے والے تین شہری شامل ہیں۔ اس کے علاوہ اردن ، عمان ، بھارت، برطانیہ ، ترکی ، سوئٹزرلینڈ اور آسٹریا سے متعدد سے آنے والے افراد کرونا کے مریض نکلے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close