لاہور: محکمہ موسمیات نے شہر اور گردونواح میں بارشوں کے سلسلے کے حوالے سے اہم پیشگوئی جاری کی ہے۔
محکمہ کے مطابق لاہور میں رات بھر جاری رہنے والی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا ہے اور فضا میں خنکی اور ٹھنڈک میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ اور ہوا میں نمی کا تناسب 65 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ ہواؤں کی رفتار 14 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج بھی شہر میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے اور آئندہ چند روز تک مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ ذرائع کے مطابق لاہور میں بارشوں کا یہ سلسلہ 30 مارچ تک جاری رہنے کی توقع ہے۔
دوسری جانب راولپنڈی اور گردونواح میں بھی بارش کے بعد درجہ حرارت میں کمی آئی ہے جس سے ہلکی سردی کا احساس ہونے لگا ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، کشمیر، خیبر پختونخوا، بالائی و وسطی پنجاب، گلگت بلتستان، شمال مشرقی بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ نے مزید کہا کہ سندھ اور دیگر علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں ژالہ باری اور بلند پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔ آئندہ دو روز کے دوران کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں




