بارشوں کے نئے سلسلے کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
متحدہ عرب امارات میں بارشوں کا نیا الرٹ جاری کیا گیا ہے جبکہ ابوظہبی اور دبئی میں ہنگامی ٹیموں کو تیار کر لیا گیا ہے۔
گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران شدید بارش، گرج چمک اور تیز ہواؤں کے بعد موسم میں نمایاں تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے، جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے کی صبح شدید نمی اور بادلوں کا راج رہا، جبکہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب ہونے والی بارش کے بعد ہفتے کے وسط سے بارشوں کا ایک نیا اور طویل سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔
یہ غیر یقینی موسمی صورتحال اپریل کے ابتدائی دنوں تک برقرار رہ سکتی ہے، جس کے پیش نظر حکام نے حفاظتی الرٹس جاری کر دیے ہیں۔
آئندہ چند روز کی صورتحال کے مطابق اتوار اور پیر کو جزوی طور پر ابر آلود موسم اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جبکہ منگل سے بادلوں میں اضافہ متوقع ہے۔
اس کے نتیجے میں ملک کے مختلف علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش ہو سکتی ہے، جبکہ بدھ کے روز بارش کی شدت میں اضافے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
خاص طور پر شمالی اور مشرقی علاقوں میں موسلا دھار بارش اور تیز ہواؤں کا خدشہ ہے، جس کے باعث سمندری حالات بھی خراب ہو سکتے ہیں۔
عرب خلیج میں لہروں کے بلند ہونے کے سبب ماہی گیروں اور ساحل کا رخ کرنے والوں کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے اقدامات کے تحت ابوظہبی پولیس نے حالیہ خراب موسم کے دوران ایک لاکھ سترہ ہزار سے زائد رپورٹس پر فوری کارروائی کی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





