عیدالفطر پر بارشوں اور ژالہ باری کا نیا الرٹ

ملک بھر میں بارشوں اور ژالہ باری کے پیش نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ایک نیا الرٹ جاری کیا ہے اور تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت دی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ کل سے 25 مارچ تک مختلف علاقوں میں گرج چمک، تیز ہواؤں اور بارشوں کا سبب بنے گا۔ شمالی اور مغربی علاقوں میں یہ سلسلہ سب سے پہلے اثر انداز ہوگا۔ اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور لاہور میں بارش کی توقع ہے، جبکہ بالائی پنجاب کے کچھ مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ژالہ باری بھی متوقع ہے۔

ملتان، خانیوال، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان اور ڈیرہ غازی خان میں بھی بادل برسیں گے۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی جبکہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 23 مارچ تک تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

سندھ میں سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، دادو، حیدرآباد اور کراچی میں بھی کہیں کہیں بارش متوقع ہے۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارش کے ساتھ پہاڑی علاقوں میں برف باری بھی ہو سکتی ہے۔

این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی اور ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو ہدایت کی ہے کہ وہ برساتی نالوں کی صفائی کریں، ہنگامی حالات کے لیے مشینری اور عملے کی دستیابی یقینی بنائیں اور ممکنہ نقصان سے بچاؤ کے اقدامات فوری طور پر نافذ کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close