اسلام آباد: ملک کے شمالی علاقوں میں خراب موسم کے پیشِ نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے اہم الرٹ جاری کر دیا ہے، جس میں موسلادھار بارش، برف باری اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات سے خبردار کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق 14 سے 16 مارچ کے دوران گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں شدید بارش اور برف باری کا امکان ہے، جس کے باعث معمولاتِ زندگی اور سفری سرگرمیاں متاثر ہو سکتی ہیں۔ محکمہ کے مطابق گلگت بلتستان کے گلگت، استور، دیامر، اسکردو، ہنزہ، غذر اور شگر میں بارش اور برف باری متوقع ہے۔ اسی طرح آزاد کشمیر کے مظفرآباد، باغ، پونچھ، حویلی، کوٹلی، بھمبر اور وادی نیلم میں بھی خراب موسم کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع چترال، دیر، سوات، کالام اور بٹگرام میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ قراقرم ہائی وے سمیت دیامر، داریل، تانگیر، استور اور ہنزہ کے علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سڑکیں بند ہو سکتی ہیں، جس سے آمد و رفت متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ پہاڑی علاقوں میں برف باری اور پھسلن کے باعث برفانی تودے گرنے کے امکانات بھی بڑھ گئے ہیں۔ مزید برآں درجہ حرارت میں اضافے اور بارشوں کے سبب چترال، سوات، کوہستان اور اسکردو میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے اور ممکنہ سیلابی صورتحال کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ حکام نے مقامی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل رکھے جائیں، جبکہ سیاحوں اور مقامی افراد کو غیر ضروری سفر سے گریز اور پہاڑی راستوں پر انتہائی احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






