اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے نئے سلسلے کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے، جو 12 مارچ تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی اور خطہ پوٹھوہار میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے۔ اس کے علاوہ اٹک، چکوال، جہلم اور میانوالی میں بھی آندھی اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ اسلام آباد اور پوٹھوہار کے بالائی علاقوں میں کہیں کہیں ژالہ باری کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں 11 مارچ تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ پشاور، چارسدہ، نوشہرہ اور ایبٹ آباد سمیت دیگر علاقوں میں بادل برسنے کی توقع ہے۔
چترال، دیر، مانسہرہ، کوہستان اور مالاکنڈ میں آندھی اور ہلکی بارش کا امکان ہے، جبکہ شمالی علاقہ جات میں موسم زیادہ تر ابر آلود رہنے اور وقفے وقفے سے بارش ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اسی طرح مظفرآباد، وادی نیلم، گلگت، اسکردو اور ہنزہ کے بعض مقامات پر بارش متوقع ہے، جبکہ باغ، حویلی، پونچھ اور استور میں بھی 11 مارچ تک ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ این ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ اداروں کو ممکنہ خراب موسم کے پیش نظر الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال یا ژالہ باری سے ہونے والے نقصانات سے بروقت نمٹا جا سکے۔
ادھر شہریوں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں




