اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں موسم کے بدلتے ہوئے رجحانات کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ بالائی علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ میدانی علاقوں میں موسم خشک اور درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ ہوسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 6 سے 11 مارچ کے دوران خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں دو مرحلوں میں بارش کا امکان ہے۔ پہلا سلسلہ 6 اور 7 مارچ کو جبکہ دوسرا 9 سے 11 مارچ کے درمیان متوقع ہے۔ اسی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، مری، گلیات اور خطہ پوٹھوہار میں 10 اور 11 مارچ کو گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ ادھر میدانی علاقوں میں موسم زیادہ تر خشک رہنے کا امکان ہے اور درجہ حرارت معمول سے خاصا زیادہ رہ سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا اور شمالی بلوچستان کے میدانی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے تقریباً 8 ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ ہوسکتا ہے۔
اسی طرح سندھ اور جنوبی بلوچستان میں بھی گرمی کی شدت بڑھنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جہاں درجہ حرارت معمول سے تقریباً 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات نے کاشتکاروں اور شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بدلتے موسم اور اچانک بڑھتے درجہ حرارت کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں کیونکہ آئندہ چند روز تک میدانی علاقوں میں خشک اور گرم موسم برقرار رہنے کا امکان ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں




