گرمی کی شدت میں کتنا اضافہ ہونیوالا ہے؟ الرٹ جاری

لاہور: پنجاب بھر میں گرمی کی شدت میں اضافے کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں میں میدانی علاقوں میں درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے۔

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق معمول سے 6 سے 8 ڈگری تک درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ پنجاب کے شمالی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے 6 سے 7 مارچ کے دوران بالائی علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی ہے جبکہ 9 سے 11 مارچ کے دوران بھی شمالی علاقہ جات میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ درجہ حرارت میں اضافے سے فصلیں متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کسانوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی تمام تر پیشگی اقدامات موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کریں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سیاح شمالی علاقہ جات کے سفر میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

دوسری جانب فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور ملک بھر میں تیسرے نمبر پر آ گیا ہے۔ شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 264 ریکارڈ کیا گیا۔ مختلف علاقوں میں آلودگی کی شرح برکی روڈ پر 580، علامہ اقبال ٹاؤن میں 422، سی آئی پی آر آفس میں 356 اور بیدیاں روڈ پر 243 ریکارڈ کی گئی۔

شہر قائد کراچی میں دن کے اوقات میں تیز دھوپ کے ساتھ موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے۔ کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 18.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ موجودہ درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 82 فیصد ہے جبکہ ہوا جنوب مغرب سے 7 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے۔ شہر میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close