موسم کیسا رہے گا ؟ اہم خبر آ گئی

محکمہ موسمیات نے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کر دی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے جنوبی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔

16 فروری سے ملک کے جنوبی حصوں میں مغربی ہواؤں کے داخل ہونے کا امکان ہے، 16 اور 17 فروری کو وزیرستان، بنوں اور ڈی آئی خان میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔

اس دوران کوئٹہ، ژوب، زیارت، چمن، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، لورالائی، خضدار، سبی، نصیرآباد، جھل مگسی، مستونگ، بارکھان، موسیٰ خیل اور قلات میں بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے آواران، گوادر، اورماڑہ، پسنی اور گرد و نواح میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

17 فروری کو کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، جامشورو، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد اور خیرپور میں بھی بارش کی توقع ہے۔

سندھ کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور بارش کے ساتھ بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے، ڈیرہ غازی خان، ملتان، بہاولپور اور گرد و نواح میں چند مقامات پر بھی بارش ہونے کی توقع ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close