اسلام آباد اور پہاڑی علاقوں میں بارش و برفباری، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ممکنہ بارش اور برفباری کے پیش نظر عوام کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے، اور شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کے مطابق اگلے 12 گھنٹوں میں خیبر پختونخوا کے زیادہ تر اضلاع میں بارش متوقع ہے، جن میں چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، مالاکنڈ، کرم، وزیرستان، مانسہرہ، مہمند، بونیر، ہری پور، ایبٹ آباد، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، کرک، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور کوہاٹ شامل ہیں۔ گلگت بلتستان کے علاقوں گلگت، استور، غذر، دیامیر، سکردو، ہنزہ اور شگر میں بھی بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔ آزاد کشمیر کے اضلاع باغ، مظفرآباد، پونچھ، حویلی، کوٹلی، بھمبر اور نیلم میں بارش اور بلند پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بارش اور برفباری کے باعث سڑکیں پھسلن زدہ ہو سکتی ہیں اور ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔ اس لیے عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور حفاظتی تدابیر اختیار کریں۔ مزید برآں، ریسکیو اداروں اور سڑکوں کی بحالی سے متعلق محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایات دی گئی ہیں، جبکہ نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔

این ڈی ایم اے نے عوام سے کہا ہے کہ مستند معلومات اور حفاظتی اقدامات کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ کا استعمال کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close