گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی، الرٹ جاری

کراچی: محکمہ موسمیات نے شہر میں دوپہر کے بعد بارش کی پیش گوئی کر دی ہے، جس کے نتیجے میں موسم مزید سرد ہونے اور درجہ حرارت میں نمایاں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے معتدل بارش ہو سکتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 14 سے 16 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق جمعہ سے کراچی میں سردی کی شدت میں واضح اضافہ متوقع ہے، جبکہ آئندہ دو سے چار روز کے دوران درجہ حرارت مزید کم ہو سکتا ہے، جس کے باعث پارہ دوبارہ سنگل ڈیجٹ تک گرنے کا خدشہ ہے۔

آج شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25 سے 27 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع ہے، جبکہ شمال مشرقی سمت سے ہلکی رفتار کی ہوائیں چل رہی ہیں۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی ہے، جبکہ مغربی سسٹم کے زیر اثر خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں بھی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ دریائے کابل اور اس سے ملحقہ ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، جبکہ سوات، چترال، بونیر، شانگلہ اور دیر میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ شہریوں اور متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close