مغربی ہواؤں کی انٹری، کہاں کب برسے گا بادل؟ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کر دی

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک میں بارشوں اور برفباری کے نئے سلسلے کی پیش گوئی کرتے ہوئے بتایا ہے کہ بارش برسانے والا مغربی سسٹم آج پاکستان میں داخل ہو رہا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے 19 جنوری کے دوران گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارش اور برفباری کا امکان ہے، جبکہ 18 سے 20 جنوری کے دوران مری اور گلیات میں بھی بادل برسنے اور برف پڑنے کی توقع ہے۔ پیش گوئی میں کہا گیا ہے کہ 20 سے 23 جنوری کے دوران اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش ہو سکتی ہے، جبکہ بلوچستان میں 21 جنوری سے بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔

اسی طرح کراچی سمیت سندھ کے مختلف حصوں میں 22 اور 23 جنوری کو بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش اور برفباری کے باعث بالائی خیبرپختونخوا اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔ دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ پی ڈی ایم اے نے سیاحوں کو برفباری کے دوران خوراک، ادویات اور گرم کپڑے ہمراہ رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔ حکام نے گرج چمک اور تیز ہواؤں کے دوران کمزور انفرااسٹرکچر اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہنے کی بھی تلقین کی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close