این ڈی ایم اے نے گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کے لیے شدید سردی کی لہر اور برفباری کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ جنوری کے آخر تک رات اور صبح کے اوقات میں شدید سردی کی صورتحال برقرار رہے گی۔
بالائی علاقوں میں درمیانے سے شدید درجے کی برفباری متوقع ہے، جس سے رابطہ سڑکیں، ٹرانسپورٹ اور بجلی کی فراہمی متاثر ہو سکتی ہے۔ پہاڑی علاقوں میں برفانی تودے گرنے اور پھسلن کے خطرات بھی بڑھ گئے ہیں۔ میدانی علاقوں میں خشک موسم اور کورا پڑنے کے امکان سے فصلوں اور باغات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، گرم کپڑے پہننے اور بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کا خاص خیال رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ صوبائی اور ضلعی اداروں کو پیشگی اقدامات اور ضروری مشینری کی تیاری کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کمزور مغربی ہوائیں 16 جنوری سے ملک میں داخل ہوں گی، جس کے اثرات سے سندھ کے مختلف اضلاع اور کراچی میں 22 اور 23 جنوری کو گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






