محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں موسم مزید سرد ہونے جا رہا ہے جبکہ کل شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس وقت ہوا میں نمی کا تناسب 76 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ منگل اور بدھ کے درمیان مغربی ہواؤں کا ایک نیا سسٹم شہر پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔ اس دوران شمال مشرقی سمت سے ہلکی رفتار کی ہوائیں چلتی رہیں گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 سے 28 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران دن کے وقت موسم خشک اور رات میں سرد رہنے کی توقع ہے۔
ترجمان محکمہ موسمیات انجم نذیر کے مطابق 30 دسمبر کی رات گئے کراچی میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے، جبکہ حیدرآباد، بدین، ٹھٹہ، میرپورخاص اور تھرپارکر کے بعض علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ ملک بھر میں بارشوں کا یہ سلسلہ 2 جنوری تک برقرار رہ سکتا ہے۔ پنجاب کے میدانی علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں برفباری کی شدت نسبتاً زیادہ ہو سکتی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






