موسم کے متعلق محکمہ موسمیات نے اہم پیشگوئی کردی

ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران خشک اور سرد موسم کے تسلسل کے ساتھ ساتھ شمالی پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی سرد و خشک حالات برقرار رہیں گے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں رات اور صبح کے اوقات میں شدید سردی ہوگی۔ پشاور، صوابی، مردان، چارسدہ، نوشہرہ اور ڈی آئی خان سمیت صوبے کے کچھ علاقوں میں صبح اور رات کے وقت دھند کی کیفیت پیدا ہوسکتی ہے۔

پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کے ساتھ ساتھ مری، گلیات اور ان کے اطراف میں رات اور صبح کے اوقات میں شدید سردی کا امکان ہے۔ صوبے کے میدانی علاقوں بشمول لاہور، فیصل آباد، ملتان اور بہاولپور میں سموگ کے علاوہ بعض مقامات پر دھند کی کیفیت بھی متوقع ہے۔

سندھ میں خشک موسم کے ساتھ صبح اور رات کے وقت سردی محسوس ہوگی، جبکہ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں سرد و خشک موسم رہے گا اور شمالی اضلاع میں شدید سردی ہوسکتی ہے۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں موسم سرد رہنے کے ساتھ ساتھ آسمان جزوی ابر آلود ہوگا اور رات و صبح کے اوقات میں شدید سردی متوقع ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close