کراچی: محکمۂ موسمیات نے آئندہ دنوں میں ملک بھر میں بارشوں کے باقاعدہ اور مسلسل آغاز کی پیش گوئی کر دی ہے۔ حکام کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک طاقتور سلسلہ 6 سے 10 دسمبر کے دوران بلوچستان میں داخل ہوگا، جس کے ساتھ ہی ملک میں دسمبر کی پہلی بھرپور بارشیں شروع ہونے کا امکان ہے۔ یہ سلسلہ وقفے وقفے سے پورے مہینے جاری رہ سکتا ہے۔
ملک بھر میں سردی میں واضح اضافہ ہو چکا ہے اور دسمبر کی ٹھنڈ نے اپنا احساس دلانا شروع کر دیا ہے۔ میدانی علاقوں میں دھند اور اسموگ چھائی ہوئی ہے، جبکہ بالائی اور پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسکردو ایک بار پھر سب سے سرد مقام رہا، جہاں درجہ حرارت منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ بلوچستان کے کئی علاقوں میں بھی درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے نیچے گر گیا، جبکہ کوئٹہ میں منفی 4، پشاور میں 2، اسلام آباد میں 3، لاہور میں 7 اور کراچی میں 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






