موسمی صورتحال سے متعلق اہم پیشگوئی

این ڈی ایم اے نے ملک بھر میں موسم کے حوالے سے پیشگوئی جاری کی ہے جس کے مطابق اگلے چند روز تک خشک اور سرد موسم کا سلسلہ جاری رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ ملک کے شمالی حصوں کو متاثر کرے گا جس کے باعث بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں کہیں کہیں ہلکی بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔ پنجاب میں 8 نومبر تک موسم خشک رہے گا، تاہم کئی علاقوں میں دھند اور اسموگ چھائے رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ بلوچستان میں بھی 8 نومبر تک خشک موسم برقرار رہے گا جبکہ 6 نومبر کو بالائی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔

سندھ بھر میں 8 نومبر تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ خیبرپختونخوا میں مجموعی طور پر سرد اور خشک موسم متوقع ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق 3 اور 4 نومبر کو چترال، دیر، مالاکنڈ، ایبٹ آباد اور مانسہرہ کے پہاڑی علاقوں میں ہلکی بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔ اسی طرح گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے اضلاع استور، اسکردو، ہنزہ، باغ، نیلم ویلی اور مظفرآباد میں بھی 6 نومبر تک مطلع ابرآلود اور سرد موسم کے ساتھ ہلکی بارش و برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close