مون سون بارشوں کے 11 ویں سپیل کے آغاز ہوتے ہی ایبٹ آباد میں طوفانی بارش کے بائث کے باعث توحید آباد، چھانگا گلی،
ایوبیہ سمیت مختلف علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ 19 ستمبر تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا جبکہ بڑے شہروں کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے۔
لاہور میں آسمان پر سورج جلوے بکھیرنے لگا ہے، جس کے باعث درجہ حرارت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری جبکہ زیادہ سے زیادہ 34 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، اور 5 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا سلسلہ جاری ہے۔ سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہے گا اور آج شہر میں 40 فیصد تک بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
کراچی میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔ شہر میں ہلکی بارش اور بوندا باندی ہو سکتی ہے۔ موجودہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 33 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ ہوائیں جنوب مغرب کی سمت سے 7 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد سے زائد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق رات کے اوقات میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور پوٹھوہار ریجن میں بھی تیز بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب چترال میں شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے اور متعدد شاہراہیں بند ہو گئی ہیں جبکہ انتظامیہ متاثرہ علاقوں سے ملبہ ہٹانے میں مصروف ہے۔
کراچی کے مختلف علاقوں بشمول شارع فیصل، گلشن اقبال، اور ڈرگ روڈ پر بوندا باندی دیکھی گئی ہے۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی 19 ستمبر تک شدید بارشوں کا امکان ہے، جن میں لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، مری، اٹک، چکوال اور جہلم شامل ہیں۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں سے بڑے شہروں کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں