بھارت سے پانی کا اخراج ،این ڈی ایم اے کی سیلابی الرٹ

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے بھارت کی جانب سے مادھوپر ڈیم سے ممکنہ پانی کے اخراج کے باعث وارننگ جاری کردی ہے۔

ادارے کے مطابق ہماچل پردیش، اتراکھنڈ اور پنجاب سمیت بھارتی ریاستوں میں شدید بارشوں کی پیش گوئی ہے، جبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھی ریکارڈ توڑ بارش ہوچکی ہے اور مزید بارشیں متوقع ہیں۔ این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔ اگلے 48 گھنٹوں کے دوران دریائے راوی میں جسر کے مقام پر 80 ہزار سے ایک لاکھ 25 ہزار کیوسک بہاؤ کے ساتھ اونچے درجے کا سیلابی ریلہ آنے کا امکان ہے۔

دریائے چناب کے بالائی علاقوں میں جموں تاوی اور منور تاوی ندیوں کے بہاؤ میں بھی تیزی آ رہی ہے اور مرالہ کے مقام پر ڈیڑھ لاکھ سے 2 لاکھ کیوسک پانی کے ساتھ درمیانے سے اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے۔ اسی طرح دریائے ستلج گنڈا سنگھ والا کے مقام پر بھی ایک لاکھ 90 ہزار سے 2 لاکھ 20 ہزار کیوسک تک کا شدید بہاؤ سامنے آ سکتا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق بھارتی ڈیم تھین (رنجیت ساگر) اپنی گنجائش کے قریب بھر چکا ہے جبکہ ایئک، ڈیگ، بین، بسنتر اور پلکھو نالوں میں بھی پانی کے اخراج میں اضافہ متوقع ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر این ڈی ایم اے روزانہ کی بنیاد پر اعلیٰ سطحی مون سون جائزہ اجلاس منعقد کر رہا ہے اور ایمرجنسی آپریشن سینٹر تمام وسائل کے ساتھ صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close