محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ 27 اگست سے ایک اور مون سون سسٹم کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں پر اثرانداز ہوگا۔
آج صبح کراچی کے مختلف علاقوں نارتھ ناظم آباد، بورڈ آفس، حیدری، اسکیم 33، صدر اور شارع فیصل میں ہلکی بارش اور بوندا باندی ریکارڈ کی گئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 27 سے 29 اگست کے دوران سندھ اور بلوچستان میں بارش کے امکانات ہیں جبکہ بالائی اور وسطی علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
وادی نیلم، مظفرآباد، راولا کوٹ، گلگت بلتستان کے چند مقامات، دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، کوہاٹ اور پشاور میں بارش متوقع ہے۔ اسی طرح اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم اور منڈی بہاؤالدین میں بھی بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج شام یا رات سے مٹھی، تھرپارکر، عمرکوٹ اور میرپورخاص میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں